اسلام آبا د(این این آئی) پاکستان نے ایک بار پھر غزہ میں اسرائیل کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سیز فائز کے اقدامات کیلئے بھرپور کوششیں کی جائیں،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، حریت جماعتوں پر بھارتی حکومت پابندیاں عائد کر رہی ہے، کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے،
بھارت ورلڈ کپ کا میزبان ہے، سیکیورٹی مہیا کرنا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھارتی ذمے داری ہے، پاکستان غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کرے گا، یکم نومبر سے غیرقانونی باشندوں اور مہاجرین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی،
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، حریت جماعتوں پر بھارتی حکومت پابندیاں عائد کر رہی ہے، کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔حماس اسرائیل کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس میں معصوم بچے اور خواتین بھی شہید ہوئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل امتیازی سلوک برت رہا ہے، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کی طرف سے زمین تنگ کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سیز فائر کی بھرپور کوشش کرے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بجلی، ایندھن اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور اسے واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ اس سے لاکھوں افراد کی زندگیوں پر شدید منفی اثر پڑے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ جارحیت اور تشدد کا موجودہ دور ایک افسوسناک یاد دہانی ہے، اور 7 دہائیوں سے زائد غیر قانونی غیر ملکی قبضے، جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا براہ راست نتیجہ ہے، جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں بھی شامل ہیں، جو فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق کو تسلیم کرتی ہیں۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کے حالیہ اشتعال انگیز کارروائیوں کے سنگین نتائج کے خلاف خبردار کرتا رہا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ عالمی برادری کو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطین کی ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل ریاست کے ساتھ ایک منصفانہ جامع اور دیرپا 2 ریاستی حل کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، جس کا دارالحکومت القدس شریف (یروشلم) ہو۔برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل کی نواز شریف سے ایئر پورٹ پر ملاقات پر ترجمان دفترِ خارجہ نے جواب دینے سے گریز کیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے سائفر کے حوالے سے سوال پر تبصرہ کرنے سے بھی گریز کیا اور کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے اور اس کا تعلق قومی سلامتی سے ہے۔اْنہوں نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ورلڈ کپ کا میزبان ہے، سیکیورٹی مہیا کرنا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سازگار ماحول فراہم کرنا بھارتی ذمے داری ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی اسپورٹس پرزینٹر زینب عباس کے ساتھ بھارت میں ہونے والے سلوک پر کہا کہ زینب کے خلاف بے جا ٹوئٹ پر کیس درست اقدام نہیں ہے، بلا جواز کیس میں زینب کو گھسیٹا جا رہا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری کرنے کے حوالے سے ہم بھارتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہم نے ان سے جلد ویزوں کے اجراء کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے افغانستان میں آئے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں آئے ہولناک زلزلے پر غمزدہ ہے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغانستان کو یکجہتی اور مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ پاکستان غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائی کرے گا،
یکم نومبر سے غیرقانونی باشندوں اور مہاجرین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اْنہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف پاکستانی قوانین کے تحت کارروائی ہو گی۔ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ کالعدم و دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی پر افغان حکومت کی کوششوں کا خیر مقدم کریں گے۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستان کا غیر قانونی افغان مہاجرین یا دیگر باشندوں کو واپس بھیجنا قومی مفاد میں ہے کیونکہ کچھ عناصر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پائے گئے ہیں۔