مقبوضہ غزہ(این این آئی)غزہ کے کئی علاقے ملبے کے ڈھیر میں بدلنے کے بعد اسرائیل نے ایک بار پھر زمینی کارروائی کرنے کا اعلان کر دیا۔اسرائیل نے 3 لاکھ فوجی غزہ کی سرحد کے قریب پہنچا دئیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حماس تبدیلی چاہتی ہے، اسے تبدیلی ملے گی۔اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ غزہ پر فضائی حملے کے بعد زمینی کارروائی بھی کریں گے۔
غزہ پر رات بھر کے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 30 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، اسرائیل نے رہائشی عمارتوں، مساجد، دکانوں اور فیکٹریوں کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے مطابق طیاروں نے گزشتہ رات غزہ میں 200 مقامات کو نشانہ بنایا جبکہ شمال میں آج صبح حماس کے 80 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہلاک 14 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے جبکہ حماس کے حملے میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے۔