اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہاہے کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کا شکارقومی ملکیتی اداروں کی فوری نجکاری ضروری ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نگراں وفاقی وزیرِ نجکاری فواد حسن فواد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ نجکاری نے وزیرِاعظم کو خسارے کے شکار قومی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے عمل پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے خسارے کے شکار قومی ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری کے عمل کو تیز تر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے خسارے کے شکار اداروں (ایس او ایز) کی فوری نجکاری ضروری ہے، اس امر میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا کردار لائق تحسین ہے۔