اسلام آباد(این این آئی)نگران وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات ہونے کا یقین ہے تاہم انتخابات کی تاریخ دینا ہمارا کام نہیں ہے بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے، مجھے الیکشن کمیشن کی صلاحیت اور قیادت پر مکمل اعتماد ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ وہ جس تاریخ کو الیکشن کا اعلان کریں گے اسی دن الیکشن ہوں گے،نواز شریف قانونی پراسیس کے ذریعے باہر گئے اور قانونی پراسیس کے تحت ہی واپس آئیں گے۔
ایک انٹرویو دیتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کی نگرانی کرنے کا مکمل اختیار ہے لیکن الیکشن کمیشن سے پوچھ گچھ کرنا ہمارے اختیار میں نہیں ہے۔نوازشریف کی واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ 21 تاریخ کو جو ملک کا آئین اور قانون کہے گا ویسا ہی ہو گا، نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے ہیں وہ غیر قانونی طور پر اس ملک سے بھاگ کر نہیں گئے بلکہ عدالتوں اور حکومت نے ان کو جانے کی اجازت دی،
نواز شریف قانونی پراسیس کے ذریعے باہر گئے اور قانونی پراسیس کے تحت ہی واپس آئیں گے،قانون کو پتا ہے اس نے اپنا راستہ کیسے نکالنا ہے۔کیا نواز شریف کو ایئر پورٹ پر گرفتار کیا جا سکتا ہے؟اس حوالے سے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہونے کو بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ انتظار کیجیے ، قانون اور عدالتوں کا اپنا اختیار استعمال کرنے دیجیے ۔عمران خان جیل سے نکل کر الیکشن مہم چلائیں گے؟
اس سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا اپنا معاملہ ہے کہ وہ اپنی الیکشن مہم کیسے چلاتے ہیں،اگر ایک آدمی جیل میں ہے اور اسے سزا ہو جائے تو وہ الیکشن کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن جو لوگ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں ہے، پی ٹی آئی پر جلسے جلوس کی کوئی پابندی نہیں ہے اور میڈیا کی بھی آزادی ہے۔عمران خان کی معافی کب تک ہو جائے گی؟ کے سوال پر نگران وزیر اطلاعات نے کہاکہ یہ معافی دینے والے ادارے طے کریں گے، نگران حکومت کا یہ کام نہیں ہے،یہ کام عدالت کا ہے عدالتیں طے کریں گی ان کو اندر رہنا ہے باہر جانا ہے۔