مقبوضہ بیت المقدس،مقبوضہ غزہ،تل ابیب(این این آئی) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے حملے میں 400افراد ہلاک اور 700سے زائد زخمی ہو گئے،اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہیداور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ القسام بریگیڈ نے 35 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑ لیا ہے جس کے بعد سرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے کہاہے کہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں ،
اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہاہے کہ حماس نے ایک سنگین غلطی کی ہے اور یہ کہ اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی میڈیکل سروس نے مرنے والوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 40 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور مزید سینکڑوں مریضوں کا علاج کررہے ہیں۔ اسرائیلی وزارت صحت نے بھی بتایاکہ حماس کے حملوں میں 700 سے زائد اسرائیلی زخمی ہوئے۔
حماس کی جانب سے جہاں ایک طرف ہزاروں راکٹ غزہ کی پٹی پر فائر کیے گئے وہیں مسلح افراد بھی شہر میں داخل ہو گئے۔فلسطین میں سرگرم تنظیم حماس کے عسکری ونگ کے مطابق ہفتے کو آپریشن طوفان الاقصی کا آغاز کرتے ہوئے پانچ ہزار سے زائد راکٹ اسرائیل کی جانب داغے گئے، جسے تل ابیب نے جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے فوجی غزہ کی پٹی کے ارد گرد کئی مقامات پر فلسطینی عسکریت پسندوں سے لڑائی میں مصروف ہیں۔
حماس کے فوجی کمانڈر محمد الضیف نے حماس میڈیا پر نشر ہونے والی ایک نشریات میں آپریشن الاقصی فلڈ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے فلسطینیوں سے ہر جگہ لڑنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ زمین پر آخری قبضے کو ختم کرنے کی سب سے بڑی جنگ کا دن ہے، 5 ہزار سے زائد راکٹ (اسرائیل کی جانب) داغ دیے گئے۔انہوںنے کہاکہ ہم نے غاصب (اسرائیل) کے تمام جرائم کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کی بلا احتساب اشتعال انگیزی کا وقت ختم ہو گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم آپریشن الا اقصی فلڈ کا اعلان کرتے ہیں اور ہم نے ابتدائی حملے میں 20 منٹ کے اندر 5 ہزار سے زائد راکٹ فائر کیے۔ٹیلی گرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں حماس نے مغربی کنارے میں مزاحمت کرنے والے مجاہدین کے ساتھ ساتھ عرب ممالک سمیت دیگر اسلامی ممالک سے جنگ کا حصہ بننے کی اپیل کی ہے۔بعدازاں حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ پر بمباری کے سبب 12 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ،
ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے بتایاکہ حماس کے اسرائیل پر حملے بعد اسرائیل نے غزہ پر بمباری شروع کردی، اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے راکٹ حملوں کے جواب میں غزہ میں حماس کے اہداف پر جوابی فضائی حملے کیے۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ہم حالتِ جنگ میں ہیں‘ اسرائیل کے وزیر دفاع یواو گیلنٹ نے کہا کہ حماس نے ایک سنگین غلطی کی ہے اور یہ کہ اسرائیل کی ریاست یہ جنگ جیت جائے گی۔واضح رہے کہ رواں سال اسرائیل کے مظالم کے نتیجے میں جنوری سے اب تک تاحال 250 سے زائد مظلوم فلسطینی باشندے شہید ہوچکے ہیں جبکہ آج کی شہادتیں علیحدہ ہیں۔