لاہور ( این این آئی) احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس پر سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 28اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین اعوان نے ریفرنس پر سماعت کی ۔
شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کروائی جبکہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ نے عدالت پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایک نامعلوم شخص کی شکایت پر آشیانہ اقبال کی انکوائری شروع ہوئی، قصے کہانیوں کی بنیاد پر ریفرنس بنایا گیا ، سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا۔جج نے استفسار کیا کہ ریفرنس میں الزامات کیا کیا ہیں وہ پڑھ کر سنائے جائیں ۔
وکیل امجد پرویز نے کہا کہ ریفرنس میں بتایا گیا کہ من پسند افراد کو میرٹ سے ہٹ کر ٹھیکے دیئے گئے ، احد چیمہ نے بطور ڈی جی ایل ڈی اے آشیانہ اقبال پروجیکٹ کی منظوری دی ، پروجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا گیا ، پروجیکٹ میں ترقیاتی کام سپارکو ڈویلپرز اور بسمہ اللہ انجینئرنگ نے کیا ، نیب تحقیقات کے دوران کرپشن کے شواہد نہیں ملے ۔احتساب عدالت نے شہباز شریف سمیت دیگر کی بریت کی درخواستوں پر دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔