واشنگٹن(این این آئی)امریکی سنٹرل کمانڈ نے انکشاف کیا کہ واشنگٹن نے ایرانی گولہ بارود کے تقریبا 1.1 ملین رانڈ یوکرین کو منتقل کیے ہیں۔ یہ گولہ بارود گزشتہ سال کے آخر میں ایرانی پاسداران انقلاب سے یمن میں حوثیوں کو منتقل کرنے کے دوران ضبط کیا گیا تھا۔امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام نے ماضی میں انکشاف کیا تھا کہ واشنگٹن ہزاروں ضبط کیے گئے ایرانی ہتھیار اور گولہ بارود یوکرین کو منتقل کرے گا۔
اس قدم سے یوکرین کی فوج میں آلات کی شدید قلت کو دور کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یوکرین امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے مزید فنڈز اور سامان بھیجنے کا انتظار کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ امریکہ ان ہتھیاروں کی منتقلی کے لیے کس قانونی فریم ورک پر انحصار کرے گا۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ اقوام متحدہ کا مطالبہ ہے کہ ضبط کیے گئے ہتھیاروں کو تلف یا ذخیرہ کیا جائے۔امریکی حکام کا کہنا تھا امریکی انتظامیہ کئی مہینوں سے اس بات کا مطالعہ کر رہی ہے کہ ان ہتھیاروں کو قانونی طور پر یوکرین کے باشندوں کو کیسے بھیجا جائے۔ یہ ہتھیار امریکی سینٹرل کمانڈ کی تنصیبات میں محفوظ ہیں۔