لاہور(این این آئی)آنکھوں کے انفیکشن کے سبب مخصوص انجکشن لگواکر بینائی سے محروم ہونے والے افراد نے کہاہے کہ ڈاکٹرز نے انہیں تین انجکشن لگوانے کا کہا تھا۔متاثرہ افراد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انجکشن لگنے کے بعد آنکھ میں تکلیف شروع ہوگئی تھی، ماڈل ٹاؤن کے ہسپتال سے انجکشن لگوایا تھا۔
متاثرین کے مطابق ڈاکٹرز نے تین انجکشن لگانے کا کہا تھا، پہلے انجکشن سے ہی بینائی چلی گئی، 6 ہزار روپے کا انجکشن خریدا تھا، جناح ہسپتال سے آپریشن ہوئے ہیں، آنکھوں کا انفیکشن صاف ہوا ہے، ابھی تک دکھائی دینا شروع نہیں ہوا۔واضح رہے کہ پنجاب میں جعلی انجیکشن لگنے سے بینائی متاثر ہونے کے اب تک 68 مریض سامنے آچکے ہیں۔پنجاب میں انجکشن سے بینائی متاثر ہونے کے معاملے کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر کے ہسپتالوں اور فارمیسیز کو متعلقہ انجکشن استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔