نوشہرہ (این این آئی) سربراہ پی ٹی آئی پی پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ انہیں مضبوط کرنا ہے، پی ٹی آئی پی نہ کسی کے طفیل سے فیض یاب ہوئی ،نہ کسی کی بیساکھیوں پر چل کر اقتدار میں آئیگی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی پی پرویز خٹک نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا عام انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے ،
سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے غیرجانبدار اور شفاف انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل اور دولت لوٹنے والے کس منہ سے غریب عوام کی بات کرتے ہیں، پی ٹی آئی پی کا سلوگن امن، ترقی اور خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان اور خصوصا خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، اس مقصد کے لیے ہم ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پی نہ کسی کے طفیل سے فیض یاب ہوئی ،نہ کسی کی بیساکھیوں پر چل کر اقتدار میں آئیگی، ہماری جڑیں عوام میں ہیں اور عوام ہم کو اقتدار میں لائیں گے۔