اسلام آباد (این این آئی)محکمہ متروکہ وقف املاک نے سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی کے مرکزی دروازے سمیت 7 یونٹس کو سیل کر دیا۔محکمہ متروکہ وقف املاک کی ٹیم، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کی قیادت میں قبضہ لینے کے لیے لال حویلی پہنچی ،
قبضہ چھڑانے کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم پولیس کی نفری کے ہمراہ موجود تھی۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے صحافیوں کو بتایا کہ لال حویلی کو خالی کرانے کے لیے آپریشن کچھ دیر بعد شروع ہو گا، لال حویلی کے مرکزی دروازے سمیت 7 یونٹس کو سیل کر دیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ لال حویلی کی رجسٹری منسوخ کر دی گئی ہے، لال حویلی کی رجسٹری جعلی نہیں تھی، کارروائی کے بعد منسوخ کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ لال حویلی کو مکمل سیل کر دیا گیا ہے، یہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ شیخ رشید اپیل میں جا سکتے ہیں، ان کے پاس قانونی راستہ موجود ہے۔واضح رہے کہ لال حویلی بوہر بازار کے مرکز میں واقع ہے اور شیخ رشید کا سیاسی دفتر یہیں قائم ہے۔تقسیم ہند سے قبل یہ حویلی ہندو خاتون کے پاس تھی اور 1980 میں جب شیخ رشید نے سیاست میں قدم رکھے تو یہ حویلی سیاسی حب کی حیثیت اختیار کرگئی۔