لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ لاہور میں کالے بادلوں کی انٹری ، تیزآندھی اور ٹھنڈی ہوائوں سے جہاں موسم سہانا ہوا وہیں بارش سے لاہوریوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا جنہیں کئی روز سے جاری گرمی اور حبس سے چھٹکارا مل گیا۔
شہر میں آندھی اور ہلکی بوندا باندی جاری رہی جبکہ مطلع ابر آلود رہا، گلبرگ، فیروز پور روڈ،مال روڈ، کینال روڈ اور دیگر مقامات پربارش ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار 10کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ فضائی آلودگی کی فہرست میں لاہور آٹھویں نمبر پر آگیا ۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں نارروال ، عارف والا ، شرقپور اور گردونواح میں بھی موسم خوشگوار ہوگیا ۔دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آج اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار مشرقی اور جنوبی پنجاب اور خیبر پختونحوا کے بعض مقامات پر بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔