راولپنڈی(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں حنیف عباسی اور چودھری تنویر نے کہا سابق وزیراعظم نوازشریف ملک سے بیروزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے آرہے ہیں،ہم سے 16 ماہ کا حساب نہ مانگا جائے اس میں 13 جماعتیں شامل تھیں،عمران نے نوجوان نسل کو برباد کیا،
یوتھ بتائے پی ٹی آئی نے ایک پراجیکٹ بھی اس کے لئے دیا ہو۔راولپنڈی میں لیگی رہنماء چوہدری تنویر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں، تمام ساتھیوں کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں، راولپنڈی کو دلہن کی طرح سجائیں گے دنیا دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب بجلی نہیں تھی دہشتگردی تھی تو ہم نے اضافی بجلی بنائی، سی پیک مکمل ہونے جارہا تھا، ہم سے 16 ماہ کا حساب نہ مانگیں، اس میں 13جماعتیں شامل تھیں، نوازشریف کی جب حکومت گرائی گئی تو حالات بہت اچھے تھے، سابق وزیراعظم بے روزگاری، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے واپس آرہے ہیں۔اس موقع پر چودھری تنویر نے کہا یہاں بیٹھے لوگ کئی دہائیوں سے نواز شریف کے ساتھ ہیں، میں نے دعوت دی تھی کہ اسلام آباد اتریں، ہم موٹر وے کے ذریعے چھوڑ کر آئیں گے،
نواز شریف نے پنجاب، بلوچستان کا نقشہ بدلا، یہ لیڈر کی نشانی ہوتی ہے، اصل محرک کو دیکھنا ہوگا کون روڑے اٹکاتے ہیں، جو ملک تباہ ہوئے ان کی سرحدیں محفوظ نہیں تھیں۔چودھری تنویر نے کہا شہر تو شہر دیہات بھی نواز شریف کے دور میں ترقی کر رہے تھے، میں یوتھ سے پوچھتا ہوں بتائیں پی ٹی آئی نے ایک پروجیکٹ بھی یوتھ کے لئے دیا ہو، اس نے نوجوان نسل کو برباد کر دیا، کسی کو بغیر پیسوں کے نوکری نہیں دی، ہمیں اس شہر سے پلاننگ کے تحت ہرایا گیا تاکہ ترقی کا راستہ روکا جاسکے، ہمارے ناراض ساتھی اس ایجنڈے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔