لاہور( این این آئی)بریڈ(ڈبل روٹی )سمیت مختلف بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں 5سے 20روپے تک اضافہ کر دیا گیا ،حکومتی کارروائیوں کے نتیجے میں چینی کی قیمتو ں میں کمی کا رجحان دیکھا جانے لگا ۔تفصیلات کے مطابق بیکری کی مصنوعات بنانے والی مختلف کمپنیوں نے قیمتو ں میں اضافہ کر دیا ہے
جس کے مطابق 349گرام بریڈ کی قیمت10روپے اضافے سے120روپے،500گرام بریڈ کی قیمت150سے بڑھ کر 160روپے،800گرام بریڈ کی قیمت220سے بڑھ کر230روپے ،بن 5روپے اضافے سے 50روپے، 175گرام فروٹ کیک کی قیمت20روپے اضافے سے 200روپے ،100گرام فروٹ کیک کی قیمت 10روپے اضافے سے100روپے ، باقر خانی کا ڈبل پیک (2عدد)10روپے اضافے سے90روپے،رس کا بڑا پیکٹ جو 250روپے میں فروخت ہو رہا تھا
اس کی قیمت 20روپے اضافے سے 270روپے جبکہ چھوٹا پیکٹ 10روپے اضافے سے130سے بڑھ کر140روپے ،سٹینڈرڈ سائز کیک( کشتی کیک )کی قیمت5روپے اضافے سے35روپے جبکہ چار عدد برگر کے پیکٹ کی قیمت10روپے اضافے سے120روپے مقرر کر دی گئی ۔ قیمتوں کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے ۔
علاوہ ازیں چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے اور ہول سیل قیمت10روپے کم ہو گئی ۔چند روز قبل تک چینی کا جو پچاس کلو بیگ 8800روپے میں فروخت ہو رہا تھا اب اس کی قیمت میں500روپے کمی دیکھی گئی ہے جس کے بعد ہول سیل قیمت166روپے کلو تک آ گئی ہے ،مختلف علاقوں میں پرچون سطح پر چینی کی175سے180روپے فی کلو فروخت جاری ہے ۔