نیویارک (این این آئی)ہالی وڈ فلم باربی رواں سال دنیا بھر میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔بچوں کے مقبول کھلونے کے حوالے سے بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر سپر ماریو کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔مارگوٹ روبی نے اس فلم میں باربی کا کردار ادا کیا اور اس نے اب تک دنیا بھر میں ایک ارب 38 کروڑ ڈالرز کا بزنس کر لیا ہے۔فلم سپر ماریو نے دنیا بھر میں ایک ارب 36 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
باربی کی بدولت کورونا وائرس کی وبا کے بعد پہلی بار امریکا میں موسم گرما کے دوران باکس آفس بزنس 4 ارب ڈالرز تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ باربی کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم Oppenheimer اس سال سب سے زیادہ بزنس کرنے والی تیسری فلم بن گئی ہے۔یہ فلم اب تک 85 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کا بزنس کر چکی ہے اور Guardians of the Galaxy Vol 3 کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جس نے 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا۔خیال رہے کہ باربی اور Oppenheimer دونوں فلمیں ایک ساتھ 21 جولائی کو ریلیز کی گئی تھیں۔