لاہو ر( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر سلمان علی آغا قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں ۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں لاہور میں اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا منتظر ہوں، ہوم کرائوڈ کے سامنے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہمیشہ سے ایک خواب رہا ہے،
میرے گھر والے اور دوست مجھے اپنے سامنے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ ٹکٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں، قذافی اسٹیڈیم میں میرا پہلا میچ انڈر 16ٹورنامنٹ کا فائنل تھا اور اس وقت میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ میں سخت محنت کروں گا اور یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلوں گا۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ میری پہلی فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کی سنچریاں قذافی سٹیڈیم میں ہیں۔
بھارت کے خلاف میرا پہلا میچ کھیلتے ہوئے اعصاب شکن تھے لیکن یہ بہت اچھا تجربہ رہا، بھارت کے خلاف میچ کی خاص بات شاہین آفریدی کی بولنگ تھی۔انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کھیلنا مشکل ہے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کا میرا تجربہ میری مدد کر رہا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو بہتر کرتے رہنا بہت ضروری ہے، کوشش کر رہا ہوں کہ خود کو بہتر کرتا رہوں اور ٹیم کے تقاضوں کے مطابق مثبت کرکٹ کھیلوں۔