مکوآنہ ( این این آئی ) غریبوں کیلئے سائیکل خریدنا بھی خواب بن گیا، گزشتہ 15 ماہ کے دوران سائیکلوں کے نرخوں میں سو فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سائیکلوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران سائیکلوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔9 ہزار میں ملنے والی مقامی سائیکل کی قیمت 19ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے،
10ہزار میں ملنے والی درآمد شدہ سائیکل کی قیمت 22 ہزار روپے اور 18 ہزار کی سائیکل کی قیمت 35 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہیخراب معاشی صورتحال کے باعث مقامی طور پر سائیکلیں بنانے والے معروف برانڈز کی تین بڑی فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں جس کے باعث اب زیادہ انحصار درآمدی سائیکلوں پر ہے۔ڈالر کی قیمت میں بے تحاشا اضافے کی وجہ سے درآمدی سائیکلوں کی قیمتوں میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ رہی سہی کسر سائیکلوں کی درآمد پر عائد کیے جانے والے 17 فیصد سیلز ٹیکس نے پوری کر دی ہے۔