لاہور( این این آئی)سینئر اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ نام اور مقام پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتا بلکہ اس کے لئے بھرپور محنت کرنا پڑتی ہے ، شوبز کیرئیر کا آغاز لاہور ٹی وی سنٹر سے کیا اور خوش قسمتی سے وہاں پر مجھے یاور حیات ، ایوب خاور، محمد عظیم، نصرت ٹھاکر،آغا ذوالفقار ، فرخ بشیر جیسے نامور پروڈیوسرز ملے جنہوں نے بھرپور رہنمائی کی ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اس دور میں ہر نئے آنے والی بھرپور رہنمائی کی جاتی تھی اور کام میں نکھار پیدا کیا جاتا تھا۔اداکارہ نے کہا کہ اس وقت ڈسپلن بڑا سخت ہوا کرتا تھا اور کوئی بھی اداکار اپنے دائرہ کار سے باہر جانے کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا،میں نے بڑے پروفیشنل انداز میں اپنے اساتذہ سے کام سیکھا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے میں آج اس مقام پر ہوں۔