لاہور( این این آئی)ملک میں خدمات کے شعبے کی برآمدات میں جولائی کے دوران سالانہ بنیادوں پر 2فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔اعدادوشمارکے مطابق جولائی میں خدمات کے شعبے میں برآمدات کاحجم 538ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 2فیصد زیادہ ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں خدمات کے شعبے کی برآمدات کا حجم 526ملین ڈالر تھا۔
جون کے مقابلہ میں جولائی میں خدمات کے شعبے کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 6فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔اعداد وشمار کے مطابق رواں سال جون میں خدمات کے شعبے کی برآمدات کا حجم 574ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو جولائی میں کم ہو کر 538ملین ڈالر ہو گیا۔ اسی طرح جولائی میں خدما ت کے شعبے کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 45فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ جولائی میں خدمات کے شعبے میں درآمدات کا حجم 811ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ سال جولائی میں 558 ملین ڈالر تھا۔