ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار اور خوبرو اداکارہ روینہ ٹنڈن 20 سال بعد فلم ’’ویلکم 3‘‘ ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔دونوں کو حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔اکشے اور روینہ ساتھ ہی فروکش تھے اور روینہ نے اکشے کو ایوارڈ بھی پیش کیا۔انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا، آخری بار دونوں کو’’پولیس فورس‘‘ میں ایک دوسرے کے مدمقابل اداکاری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اب 20 سال بعد ان کی جوڑی دوبارہ پردے پر نمودار ہونے کیلئے تیار ہے۔’’ویلکم 3‘‘ کو’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے، یہ ایڈونچر کامیڈی فلم ہوگی۔فلم ابتدائی مراحل میں ہے اور جلد ہی شوٹنگ کا شیڈول جاری ہوجائے گا۔اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن 1990 کی دہائی کی مشہور جوڑی ہیں، انہوں نے موہرا، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، دعویٰ، بارود اور قیمت جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔