لاہور( این این آئی) نگران وزیر اعظم کیلئے شہباز شریف نے انوار الحق کا کڑ کا نام راجہ ریاض کو دیا تھا ، بلوچستان سے کسی شخصیت کی نامزدگی کی اطلاعات پر مسلم لیگ (ن) کے دو مرکزی رہنما چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مبارکباد دینے بھی پہنچے جبکہ راجہ ریاض نے بھی نگران کابینہ میں شامل کرنے کیلئے دو قریبی ساتھیوں کے نام تجویز کئے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کو نامزدگی سے دو روز قبل بلوچستان سے نگران وزیر اعظم کی نامزدگی کا بتایا گیا،بلوچستان کا سن کر راجہ ریاض نے صادق سنجرانی کا نام تجویز کردیا۔ ذرائع کے مطابق لاعلمی میں مسلم لیگ (ن) کے دو مرکزی رہنما جو سابقہ کابینہ میں اہم وزارتوں پر بھی رہے صادق سنجرانی کو مبارکباد دینے بھی پہنچے۔
راجہ ریاض نے بھی صادق سنجرانی کو نگران کابینہ میں وزرا ء کے لئے2 قریبی ساتھیوں کے نام تجویز کئے ۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے دوسری ملاقات میں راجہ ریاض کو انوارالحق کاکڑ کانام دے کر کہا کہ یہ نام تجویز کریں،انوارالحق کاکڑ کے علاوہ شہباز شریف نے راجہ ریاض کو کوئی اور نام نہیں دیا ۔ ذرائع کے مطابق جام کمال اور ڈاکٹر مالک کے نام پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی تک محدود رہے اور یہ نام راجہ ریاض سے مشاورت میں زیر بحث نہیں آئے۔