لاہور ( این این آئی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے بھانجے حسان نیازی کوانویسٹی گیشن اورٹرائل کے لئے ملٹری کے حوالے کردیا گیاجس کی رپورٹ پولیس نے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔لاہور ہائیکورٹ میں حسان نیازی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پرسماعت ہوئی۔
جسٹس تنویرسلطان نے حسان نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہورہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق حسان خان نیازی جناح ہائوس حملہ کیس میں نامزد اور مرکزی ملزمان میں شامل ہیں۔حسان نیازی کو انویسٹی گیشن اورٹرائل کے لیے ملٹری کے حوالے کردیا گیا۔
وکیل درخواست گزارکا کہنا ہے کہ حسان نیازی کوعدالت کے ذریعے ملٹری کے حوالے کرنا تھا، عدالت ایس ایچ اوکوبلوا کر پوچھے اس نے ایسا غیرقانونی اقدام کیوں کیا۔عدالت نے درخواست گزارکے وکیل سے سوال کیا اب آپ عدالت سے کیا استدعا کرنا چاہتے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ پولیس نے کل کی سماعت کے فوری بعد غیر قانونی طور پرحسان نیازی کو ملٹری کے حوالے کیا۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اس اقدام کو غیرقانونی قرار دے،والد اور بیٹے کی ملاقات کروائی جائے۔عدالت نے ریماکس دیے کہ کیا اب باپ بیٹے کی ملاقات پرسرکاری وکیل اعتراض کو تو نہیں ہے ،سرکاری وکیل نے کہا اب رولزاینڈ ریگولیشن دیکھنا پڑیں گے۔سرکاری وکیل نے کہا کہ حسان نیازی کی حراست قانونی ہے ،درخواستگزارکے وکیل کے الزامات کومسترد کرتا ہوں۔