کراچی (این این آئی)پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ جب پاکستان بھارت سے 2011 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ہارا تو بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان ان کے کمرے میں آگئے تھے۔ایک انٹرویومیں ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے 2011 کے ورلڈکپ کے سیمی فائنل کا احوال بتایا جس میں وہ خود کپتان تھے،
بوم بوم آفریدی نے کہا کہ ورلڈکپ سیمی فائنل میں جب ہم ہارے تو میں کمرے میں آگیا، میرے پیچھے ہی عامر خان بھی آگئے، وہ ہماری پہلی ملاقات تھی۔سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے گپ شپ لگائی، ٹیم کی کارکردگی کی بہت تعریف کی کہ آپ کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور یہ ورلڈکپ آپ لوگ بہت اچھا کھیلے۔
شاہد آفریدی کے مطابق وہاں سے ہماری سلام دعا ہوئی، پھر اتفاق سے جب میں عمرے پر گیا تو عامر خان بھی اپنی والدہ کے ہمراہ آئے ہوئے تھے، مولانا طارق جمیل بھی وہیں تھے، انہوں نے عامر خان سے ملاقات کرنی تھی۔سابق کپتان نے کہا میں نے مولانا طارق جمیل سے عامر خان کی ملاقات کروائی تھی۔شاہد خان آفریدی نے اس ملاقات کا ایک دلچسپ قصہ سنایا اور کہا کہ ان دنوں عامر کی ایک فلم ریلیز ہونے والی تھی،
عامر خان نے مولانا سے کہا کہ آپ میری فلم کے لیے بہت دعا کرنی ہے، جواب میں طارق جمیل نے حیرت سے عامر کو دیکھا اور کہا اچھا ٹھیک ہے۔دوران شو شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کا رویہ جیسا ہمارے ساتھ ہے ویسا ہی اپنی ٹیم کے ساتھ بھی ہوتا ہے، انہوں نے بتایا کہ بہت کم انڈین پلیئرز ہیں جو گوتم گھمبیر کی طرح بہترین اوپننگ کرتے ہیں۔اس کے علاوہ شاہد آفریدی نے سلمان خان سے ملاقات سے متعلق بتایا کہ ہم پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر تعلقات کے حوالے سے بات کر رہے تھے، سلمان خان کو اللہ نے بہت خوبصورت دل دیا ہے اور وہ بہت اچھے انسان ہیں۔