لاہور ( این این آئی)سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو بنے 76سال کا عرصہ بیت چکا ہے مگر ہم دنیا کے دیگر ممالک کی طرح ترقی کے میدان میں آگے نہیں بڑھ سکے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ملکی ترقی کے لئے ایک ایسی لیڈر شپ کاہونا لازمی ہے جو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کی لگن رکھتی ہو اور مجھے یقین ہے کہ جلد ہماری ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کے لئے ہمارے آبائو اجداد نے جو قربانیاں دی ہیں وہ آج اپنے خون کا حق مانگ رہی ہیں اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم پاکستان کو دنیا کے ان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کریں گے جن کی مثالیں دی جاتی ہیں ۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک نے زیادہ ترقی کر لی ہے مگر ہماری اپنی کوتاہیوں سے ہم ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں ۔آج ہم سب کو عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے اپنے حصے کی ذمے داریاں پوری دیانتداری سے انجام دیں گے ۔