اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ(آج)14 اگست پیر کو یوم آزادی پر حلف اٹھائیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی سمری پر صدر مملکت نے بھی دستخط کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا دوسرا دور ہوا جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف لاہور روانہ ہوگئے تھے۔اب انوار الحق کاکڑ کو وزیر اعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا ، نگران وزیراعظم (آج)چودہ اگست پیر کو حلف اٹھائیں گے ۔
نگران وزیراعظم کے تقرر کے بعد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور اپنا ذاتی سامان لے گئے تھے۔واضح رہے کہ نگران وزیراعظم کا فیصلہ ہفتے کو ہوا تھا جس کیلئے قائد حزب اختلاف راجا ریاض نے انوار الحق کاکڑ کا نام دیا تھا جس پر شہباز شریف نے اتفاق کیا بعد ازاں صدر عارف علوی نے تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔