لاہور( این این آئی)معروف اداکارہ سعدیہ امام والدہ کی وفات کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں ۔ اداکارہ نے ایک انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مارننگ شو کرنے کے بعد شاپنگ پر چلی گئی جس کی وجہ سے گھر دیر سے پہنچی تھی تو پہلے امی نے تھوڑا غصہ کیا اور پھر کہا کہ جلدی سے آ جا ئواور کھانا کھائو،
امی بار بار کہہ رہی تھیں کہ میرے سینے میں جلن ہو رہی ہے تو میں نے کہا چیک کرواتے ہیں، مجھے بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ایسا کچھ ہونے والا ہے لیکن امی اکثر کہا کرتی تھیں کہ میں تمہاری رخصتی نہیں دیکھ پائوں گی، میری شادی کو صرف 12 دن ہی باقی تھے اور اسی کی تیاریاں بھی چل رہی تھیں۔سعدیہ امام نے بتایا کہ والدہ نے میری گود میں سر رکھا،
مجھے پیار کیا اور کہا کہ ہم جا رہے ہیں۔وہ صورتحال ایسی تھی کہ میرے لیے یقین کرنا مشکل تھا، امی نے پورا کلمہ پڑھا اور کہنے لگیں کہ شادی ویسے ہی کرنا اور تم اچھے سے تیار ہونا۔یہ کہتے ہوئے انہوں نے میرے سر پر ہاتھ بھی رکھا،امی والد کو دیکھتی رہیں اور پاپا نے ہاتھوں سے ان کی آنکھیں بند کر دیں۔ امی کی وفات پر والد کو ٹوٹتے اور بکھرتے ہوئے دیکھا۔