اسلام آباد (این این آئی)آئی ایم ایف کا مشن پہلے اقتصادی جائزے کیلئے نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی معاشی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے اگلے 6ماہ اہم ہیں،آئی ایم ایف کا وفد نومبر2023میں پاکستان کا دورہ کرے گا، دورے کا مقصد 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان کی جولائی تا ستمبر2023اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔
ذرائع کے مطابق تین ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض پروگرام کے تحت مجوزہ نگران حکومت سے اہم ترین مذاکرات ہوں گے جبکہ اقتصادی جائزے کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کو ستر کروڑ ڈالر کی اگلی قسط ملے گی۔مشن کو نان ٹیکس ریونیو کی مد میں859ارب روپے کی پیٹرولیم لیوی کا سالانہ ہدف پورا کرنے کیلئے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مارچ 2024تک آئی ایم ایف سے مجموعی طور پر 1.8ارب ڈالر ملیں گے، اِن فنڈز کا حصول دو اقتصادی جائزوں کی کامیاب تکمیل سے مشروط ہے۔