لاہور( این این آئی)نامور گلوکار ،عام آدمی پارٹی کے سربراہ جواد احمد نے کہا ہے کہ جب تک عام آدمی اسمبلیوں تک نہیں پہنچے گا ملک کی تقدیر نہیں بدل سکتی، جو اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے وہ اربوں کھربوں کے اثاثہ جات کے مالک ہیں انہیں عوما کی مشکلات اور تکالیف کا کیوں احساس ہوگا۔
ایک انٹر ویو میں جواد احمد نے کہا کہ انتخابی مہم پر کروڑوں ، اربوں روپے خرچ کرنے والے ،کروڑوں روپے کی گاڑیوں میں سوار ہو کر اسمبلیوں میں آنے والوں کو آٹے ، چاول، دال، گھی اور سبزیوں کے نرخ معلوم ہو سکتے ہیں ،جب یہ حکومتوں میں ہوتے ہیں تو بے پناہ مراعات لیتے ہیں اور حکومتوں سے باہر ہوں تو ان کے پھیلے ہوئے کاروبار انہیں سہولیات دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے غریب عوام 76سال سے قربانی دیتے آرہے ہیںلیکن ان کی تقدیر نہیں بدل سکی ، پسے ہوئے طبقات کو طاقتور لوگوں کے مقابلے میں اتحاد کرنا ہوگا اور اپنے اندر سے لوگوں کو اسمبلیوں میں پہنچانا ہوگا ۔