اسلام آباد (این این آئی)وزارت آئی ٹی نے سرکاری ملازمین کے لیے بیپ پاکستان اپلیکیشن لانچ کردی۔بیپ پاکستان اپلیکیشن کو41 وفاقی وزارتوں اور محکموں کیلئے لانچ کیا گیا ۔ یہ ایپ پاکستان میں واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اپلیکیشنز کا متبادل ہوگی، یہ ملک میں سرکاری ملازمین کے محفوظ رابطوں کے لیے استعمال ہوگی جس میں آڈیو، ویڈیو کالنگ اور ویڈیو کانفرسنگ کی سہولت ہوگی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام امین الحق اور وزارت کے دیگرحکّام نے بیپ پاکستان اپلیکیشن کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔ سی ای او این آئی ٹی بی بابر بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیپ پاکستان اپلیکیشن ای آفس میں مدد گار ثابت ہوگی۔اْنہوں نے کہا کہ بیپ اپلیکیشن کے ذریعے سرکاری دستاویزات محفوظ طریقے سے منتقل ہوسکیں گے۔
بابر بھٹی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں اس اپلیکیشن کو وفاقی محکموں کے لیے لانچ کیا گیا ہے، دوسرے مرحلے میں صوبائی سطح پر بھی اس اپلیکیشن کو لانچ کردیاجائے گا۔اْنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے بعد عام شہری بھی اس اپلیکیشن کو استعمال کرسکیں گے۔انہوںنے کہاکہ یہ پاکستان کی اپنی پہلی سوشل میڈیا اپلیکیشن ہے اور آج ای آفس سافٹ ویئر ورڑن کا بھی آغاز کیا جارہا ہے۔