اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ رہنما پاکستان تحریک انصاف صمصام بخاری کی آڈیو لیک 9 مئی کے واقعات میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے،دوسروں کے جیلوں سے اے سی اتارنے کی باتیں کرنے والے عمران خان آج خود جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دے رہے ہیں۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دوسروں کے جیلوں سے اے سی اتارنے کی باتیں کرنے والے عمران خان آج خود جیل میں بہتر سہولیات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج اٹک جیل کے باہر ایک بندہ موجود نہیں ہے، عمران خان کی گرفتاری کے ردعمل میں پورے پاکستان میں ایک بندہ نہیں نکلا، انہوں نے نفرت کے جو بیج بوئے وہی کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق ٹوئٹر پر ایک آڈیو لیک ہوئی ہے، پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی یہ آڈیو عمران خان کے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سنوائی جس میں صمصام بخاری کو ایک نجی محفل میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا گیا۔مبینہ آڈیو لیک میں صمصام بخاری کسی سے کہتے سنے گئے کہ کور کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ احتجاج فوج کے خلاف کرنا ہے،
پارٹی کی اس میٹنگ میں شہریار آفریدی، شفقت محمود، یاسمین راشد اور مراد سعید بھی شریک تھے۔صمصام بخاری نے مبینہ آڈیو لیک میں کہا کہ میری بچت ہوگئی کہ میں اس اجلاس سے نکل آیا اور جس روز انہوں نے لبرٹی سے کور کمانڈر ہائوس جانے کا فیصلہ کیا تو میں نے انہیں کہا کہ میں شہر میں نہیں ہوں، زور دیا گیا تھا کہ ہر بندہ کور کمانڈر ہائوس جائے گا کیونکہ یہ صاحب کا حکم ہے۔عطا تارڑ نے مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’صاحب‘ عمران خان کے علاوہ اور کوئی نہیں ہے،
جو بات ہم روز کرتے تھے وہ اب ثابت ہوگئی کہ 9 مئی سوچھا سمجھا منصوبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تینوں بنہیں وہاں موجود تھیں اور ان کا بھانجا حسان نیازی وہاں کور کمانڈر کی وردی کی بیحرمتی کررہا تھا، شفقت محمود اور صمصام بخاری کو سلام ہے جنہوں نے انہیں فوج کے خلاف جانے سے روکنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہاکہ بھارت کے ایکس سروس مین میجر گورو آریا کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ عمران خان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کررہا ہے کیونکہ اس نے عمران خان کی گرفتاری کو بھارت کے لیے نقصان قرار دیا۔عطا تارڑ نے کہا کہ صمصام بخاری کی آڈیو کے بعد کوئی شک باقی نہیں رہ گیا کہ 9 مئی واقعات عمران خان کا حکم تھا اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اس پر عملدرآمد کروایا۔