ریاض/منامہ(این این آئی )سعودی عرب اوربحرین نے لبنان میں مقیم اپنے اپنے شہریوں کو وہاں سے فوری طور پر نکل جانے کی ہدایت کی ہے اور انھیں کہا ہے کہ وہ مسلح تنازع کے علاقوں سے دور رہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بحرین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مسلح تنازع کی وجہ سے لبنان چھوڑ دیں۔
اس سے قبل بیروت میں سعودی عرب کے سفارت خانہ نے سعودی شہریوں کو فوری طور پر لبنان کی حدود چھوڑنے کی ہدایت کی اوران سے کہا کہ وہ مسلح جھڑپوں والے علاقوں سے دور رہیں۔سفارت خانے نے یہ بات زور دے کہی کہ تمام شہری حکومت کے فیصلے کی پاسداری کریں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔