لاہور(این این آئی)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے تھنک ٹینک نے 12سے 13کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق کر لیا ۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کا تھنک ٹینک نئے چیف سلیکٹر کا منتظر ہے اور نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی کے بعد نام ورلڈکپ کیلئے مزید دو سے تین چند دنوں میں فائنل ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کی ٹیم کے حوالے سے مکی آرتھر، گرانٹ براڈ برن، بابر اعظم اور حسن چیمہ میں ابتدائی مشاورت ہوئی ہے، تھنک ٹینک اسامہ میر کو ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنانے پر متفق ہے جبکہ آل رائونڈر افتخار احمد کو بھی بھارت جانے والے اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق تھنک ٹینک نے بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محد رضوان، شاداب خان، حارث روف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور آغا سلمان کے ناموں پر اتفاق کیا ہے جبکہ محمد وسیم جونیئر کو بھی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ کیلئے شان مسعود، عبداللہ شفیق، سرفراز احمد، سعود شکیل، محمد حارث اور طیب طاہر میں سے دو کھلاڑیوں کے نام فائنل کرنے ہیں،ورلڈ کپ سے قبل افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کے دوران اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے بعد تھنک ٹینک اپنی آرا ان کے سامنے رکھے گا، ٹیم کا حتمی فیصلہ چیف سلیکٹر نے ہی کرنا ہے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ رواں برس بھارت میں شیڈول ہے جس کا باقاعدہ آغاز 5اکتوبر سے ہو گا۔