لاہور( این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملک بھرپور میں بھرپور جشن منایا گیا ،مختلف شہروں میں لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں (ن) لیگ کی جانب سے نصیرآباد دفتر میں جشن منایا گیا۔
صدر مسلم لیگ (ن) لاہور سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی ۔اس موقع پر چودھری شہبازاحمد،رمضان صدیق بھٹی،ملک وحید ،سید توصیف شاہ،عامر خان ،سواتی خان ،میاں طارق ،نگہت شیخ ،رائوصداقت سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ میاں نوازشریف نے کہاتھاکہ میں اپنا فیصلہ اللہ تعالی پر چھوڑتا ہوں ،
دوسروں پر جھوٹے مقدمات بنانے والا آج خود اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے ،فتنہ خان نے معیشت سمیت ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا ،فتنہ خان آج اپنے انجام کو پہنچا ۔انہوںنے کہا کہ عدالتی فیصلے سے جھوٹے سادھو کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے،عدالتی فیصلہ حق اور سچ کا فیصلہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور رہنمائوں کو جھوٹے کیسز میں سزائیں دی گئیں ،جو چور تھا وہ پکڑا گیا ۔
مسلم لیگ (ن) کی سابقہ رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی کی جانب سے لبرٹی گول چکر پر جشن کا اہتمام کیا گیا ۔ جہاں رابعہ فاروقی کی جانب سے لیگی کارکنوں اور شہریوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے ۔ اس موقع پر رابعہ فاروقی نے کہا کہ میاں نوازشریف نے کہاتھاکہ میں اپنا فیصلہ اللہ تعالی پر چھوڑتا ہوں ، اللہ تعالی نے (ن) لیگ کو عزت سے نوازا ہے ۔
دوسروں پر جھوٹے مقدمات بنانے والا آج خود اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے ، فتنہ خان نے ملکی معیشت سمیت ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا ، فتنہ خان آج اپنے انجام کو پہنچا ۔ اس کے علاوہ لاہور ، اسلام آباد ، راولپنڈری ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، شیخوپورہ ، مریدکے ، نارووال سمیت مختلف شہروں میں لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کرنے کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے ۔ لیگی رہنمائوں نے کہا کہ یہ مکافات عمل ہے ، جس شخص نے اپنی انا کی خاطر پورے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا اور اپنے مخالفین کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا وہ آج اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے ۔