لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے تصدیق کی ہے کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے پاکستان میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں شرکت کا وعدہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ جولائی میں جے شاہ اور ذکا اشرف نے جنوبی افریقا کے شہر ڈربن میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی اور ملاقات بھی کی جس کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں سربراہان جے شاہ اور ذکا اشرف کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔
ذرائع نے بتایا تھاکہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کرلی جبکہ دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا۔ ذکا اشرف نے جے شاہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے،
پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے۔بعدازاں ان تمام خبروں کو جے شاہ نے بے بنیاد قرار دیا اور تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب جان بوجھ کر کیا جارہا ہے اور میں نے کسی قسم کی کوئی دعوت قبول نہیں کی۔انہوں نے کہا تھا کہ میں کسی چیز پر راضی نہیں ہوا، یہ سب ایک غلط فہمی ہے، یہ غلط خبر شاید جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہے، میں پاکستان کا دورہ نہیں کروں گا۔
اب ذکا اشرف نے نجی اسپورٹس ویب سائٹ سے گفتگو میں تصدیق کی کہ جے شاہ نے ان کی دعوت قبول کی تھی اور پاکستان میں ایشیا کپ کا افتتاحی میچ دیکھنے تک کا وعدہ کیا تھا۔ذکا اشرف کے مطابق ‘میں نے جے شاہ سے آئی سی سی میٹنگ کے موقع پر ملاقات کی اور ہمارے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی، میں نے انہیں پاکستان میں ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں مدعو کیا تھا، انہوں نے نہ صرف قبول کیا بلکہ افتتاحی میچ دیکھنے کے لیے پاکستان آنے کا وعدہ بھی کیا، بدلے میں جے شاہ نے مجھے ورلڈ کپ کے دوران ہندوستان آنے کی دعوت دی اور میں نے بھی رضامندی ظاہر کی۔
سربراہ پی سی بی نے جے شاہ کے یوٹرن کی وجہ بتاتے ہوئے کہا میڈیا میں خبر آنے کے بعد جے شاہ کے پیچھے لوگوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور پھر انہوں نے دباؤ کی وجہ سے پاکستان کا سفر کرنے کا کوئی ارادہ رکھنے سے انکار کر دیا۔تاہم جے شاہ کے یو ٹرن کے بعد بھی ذکا ء اشرف پاکستان اور بھارت کے درمیان بہتر کرکٹ تعلقات کے لیے پر امید ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی بورڈ ابھی اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتا تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، شاید بعد میں، ہم اس معاملے پر بات کریں گے کیونکہ ہم تمام ممبران کے ساتھ اچھے کرکٹ تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، ہم سب کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔