تہران(این این آئی)ایران میں شدید گرمی اور بجلی کی قلت کے اندیشہ کے دوران سرکاری ملازمین کی چھٹیاں بڑھا دی گئیں۔ ماہرین نے پانی اور بجلی سے متعلق بد انتظامی سے بھی خبردار کردیا ہے۔ ایران میں درجہ حرارت 40 اور 50 سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ۔ حکومت نے وزارت صحت کی سفارش پر مبنی صحت عامہ کے تحفظ کے لیے مسلسل دوسرے روز جمعرات کوبھی چھٹی کا اعلان کردیا۔
دوسری طرف مبصرین اور صحافیوں نے حکومت پر الزامات عائد کیے ہیں کہ حکومت اس اقدام سے بجلی کی کمی کے مسئلے کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکومتی ترجمان علی بہادری جہر می نے کہا کہ کابینہ نے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ۔ وزارت صحت کے ایک ترجمان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں موسم کے درجہ حرارت سے متعلق بیماری کے کیسز خوف و ہراس کا باعث بن رہے ہیں۔