ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ میں متنازع بیانات دینے کے حوالے سے معروف کنگنا رناوت نے اس مرتبہ بالی ووڈ سپر اسٹارز کو اپنے نشانے پر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر ایک پوسٹ میں کہا کہ انسٹا گرام پر ایک اسکینڈل چل رہا ہے اور لوگ اکاؤنٹس ہیک کرنے کیلیے انکا نام استعمال کر رہے ہیں۔
انھوں نے اسکینڈل کے حوالے سے انکے ایک پرستار کی جانب سے انھیں موصول ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کو خبر دار کیا کہ وہ اسکینڈل کے فریب میں نہ آئیں۔تاہم کنگنا نے اس وارننگ کے ساتھ چند ایک حیران کن دعوے بھی کیے۔ جس کے مطابق کنگنا کا کہنا تھا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ فلم مافیا کی زیر نگرانی ایک ریکٹ کام کر رہا ہے جو میرے نام پر اکاؤنٹس ہیک کر رہا ہے۔لوگوں کو اسکینڈل کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے ایک فلم کا نام لیا اور کہا کہ میرا اس شخص سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
یہ چنگو منگو گینگ ہے اور انکی فلمیں تعطیلات والے دن بھی اتنا بزنس نہیں کرتی جتنا میری فلم مانیکرنیکا نے (اٹھارہ کروڑ روپے) ایک دن میں کیا تھا جسے انھوں نے فلاپ کہا تھا۔ اسی لیے لوگ انکے دھوکے میں نہیں آتے۔اس موقع پر انہوں نے ایک سپر اسٹار کا نام لیے بغیر ذکر کیا اور کہا کہ وہ خواتین کے حوالے سے کافی بدنام ہے اور میرے پاس ڈیٹنگ کے لیے آیا لیکن میں نے بھگا دیا اسکا کہنا تھا کہ اسے پاپا کی پری سے کوئی محبت نہیں ہے (کہا جاتا ہے کہ انکا اشارہ رنبیر کپور کی جانب ہے)۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں کرن جوہر اور رنویر سنگھ پر بھی کافی الزامات لگائے۔