واشنگٹن (این این آئی )دنیا کے تمام 196 ممالک کا سفر کرنے والی کم عمر ترین امریکی سیاح لیگزی ایلفرڈ (Lexie Alford) نے پاکستان کے سفر کو اپنی زندگی کا بہترین سفر قرار دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈ رکھنے والی لیگزی ایلفرڈ نے 5 ایسے ملکوں کی فہرست جاری کی ہے جو ان کے لیے حیرانی کا باعث بنے اور جہاں وہ آنکھ بند کر کے دوبارہ جانا چاہیں گی۔
ان ممالک میں پاکستان سرِ فہرست ہے، انہوں نے پاکستان کے سفر کو اپنی زندگی کا حیران کن ترین سفر قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی اور وسیع و عریض قدرتی خوبصورتی ان کی توقعات سے کہیں زیادہ خوبصورت تھی۔ انہوں نے خاص طور گلگت بلتستان کے قریب نانگا پربت کے فیری میڈوز کو دنیا کا پرامن اور خوبصورت ترین مقام قرار دیا۔واضح رہے کہ 25 سالہ لیگزی ایلفرڈ ایک امریکی ایڈونچرسٹ ہیں جو 21 سال کی عمر تک پہنچنے سے پہلے 196 ممالک کا سفر کر چکی تھیں اور اسی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کے کافی چرچے ہوتے ہیں۔