اسلام آباد (این این آئی)چین کے نائب وزیراعظم 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تووفاقی وزراء رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔چین کے نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے، دورہ میں پاکستان قیادت سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال ہوگا،
دونوں ممالک کے مابین باہمی و دفاعی تعاون کے فروغ پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔قبل ازیں ترجمان دفترخارجہ نے بتایا تھا کہ چین کے نائب وزیراعظم دورہ پاکستان کے دوران سی پیک کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کریں گے، چینی مہمان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آئے گا،
سی پیک کی دسویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے ساتھ چینی نائب وزیراعظم، صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔دوسری جانب چینی نائب وزیراعظم کی آمد پر اسلام آباد میں 31 جولائی اور یکم اگست کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، چینی حکام کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔