لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر میں نو اور دس محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی جبکہ جلوس کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہے گی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے دفعہ 144کے نفاذ کے تحت جمعہ اور ہفتہ نو اور دس محرم الحرام کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی ۔
پولیس اور ٹریفک پولیس کو احکامات دئیے گئے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میںلائی جائے ۔ علاوہ ازیں لاہو رسمیت صوبہ بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہو گی ۔ پولیس کی طرف سے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں 01لاکھ 25ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں جبکہ لاہور میں 13ہزار سے زائد افسران و اہلکار محرم جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض ادا کر رہے ہیں۔