کولمبو (این این آئی)پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں عبداللہ شفیق کی شان دار ڈبل سنچری اور آغاسلمان کے آؤٹ ہوئے بغیر 132 رنز کی بدولت پہلی اننگر میں 5 وکٹوں پر 563 رنز بنا کر 397 رنز کی برتری حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
سری لنکا کے کولمبو کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان کا اسکور 2 وکٹوں پر 178 رنز تھا تاہم عبداللہ شفیق اور کپتان بابراعظم نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور 210 رنز تک پہنچایا۔بابر اعظم 39 اور سعود شکیل 57 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،
جس کے بعد عبداللہ شفیق اور سلمان علی آغا نے طویل شراکت قائم کی۔عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری بنا کر نہ صرف ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر کھڑا کیا بلکہ کئی اعزاز بھی اپنے نام کرلیے۔پاکستانی اوپنر سری لنکا کے کولمبو اسٹیڈیم میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے غیرملکی اوپنر بن گئے۔پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے کم عمر ترین بلے باز کا اعزاز حاصل کرلیا،
اس سے قبل جاوید میانداد اور حنیف محمد کو ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر ترین پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔سری لنکا کے خلاف شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بلے باز کی اننگز ڈبل سنچری کے بعد مزید طویل نہ ہوسکی اور جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔عبداللہ شفیق تیسرے روز آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جنہوں نے 201 رنز کی شان دار اننگز کھیلی اور 468 کے مجموعے پر اسیتھا جے سوریا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
نوجوان اوپنر کی طویل اننگز میں 19 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے اور اس کے لیے انہوں نے 326 گیندوں کا سامنا کیا۔عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار وکٹ کیپر سرفراز احمد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن بدقسمتی سے وہ بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس چلے گئے۔سرفراز احمد کی جگہ محمد رضوان کو فائنل الیون میں شامل کر لیا گیا۔
آغا سلمان کا ساتھ دینے کے لیے پھر محمد رضوان میدان میں آئے اور دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔اس شراکت کے دوران آغا سلمان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بھی مکمل کی۔کولمبو ٹیسٹ کا تیسرا دن ختم ہوا تو پاکستان نے 5 وکٹوں پر 563 رنز بنائے تھے اور سری لنکا پر 397 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔سری لنکا کی جانب سے استیتھا فرنانڈو نے پاکستان کے 3 بلے باز آؤٹ کیے۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کولمبو ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل بارش کے باعث ختم کردیا گیا تھا۔