خیبر(این این آئی)ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) پشاور اشفاق انور نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔اشفاق انور کے مطابق پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر چلا گیا اور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا ایک ساتھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا تاہم ان کے ہدف کا تعین کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کا ہدف مسجد نہیں تھا تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔مقامی پولیس کے عہدیدار گل ولی نے بتایا کہ شہریوں نے پولیس کو مشکوک افراد کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔
خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات و اوقاف فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے جمرود میں مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔فیروز جمال شاہ نے شہید ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہاکہ پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شرپسند عناصر اور امن دشمنوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔