لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکاء اشرف نے کہاہے کہ کرکٹ امور مصباح الحق کے ساتھ مل کر انجام دیں گے۔ ذکاء اشرف سے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طویل ملاقات کی جس کے بعد چوہدری ذکا اشرف نے کہا کہ سابق کپتان کرکٹ امور میں ان کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔
چوہدری ذکاء اشرف نے بتایا کہ مصباح الحق کے ساتھ کرکٹ کمیٹی میں سابق کرکٹرز کو شامل کیا جائے گا، جو مستقبل قریب میں بورڈ کے اہم فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔نئی سلیکشن کمیٹی کے سوال پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ مصباح الحق اس معاملے میں کرکٹ کمیٹی کے فورم پر معاملات دیکھیں گے، جس کے بعد آئندہ چند روز میں کوئی تقرری عمل میں آسکتی ہے۔
ذکاء اشرف نے کہا کہ خواہش ہے کہ پاکستان کرکٹ میں کرکٹرز کے فیصلوں کی روشنی میں آگے بڑھا جائے اور اس معاملے میں خوشی ہے کہ مصباح الحق نے ہمیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مصباح الحق صرف پاکستان میں کرکٹ امور میں معاونت نہیں کریں گے بلکہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی بورڈ کی معاونت کریں گے اور اس سلسلے میں وہ آئی سی سی اجلاس میں بھی بورڈ کی نمائندگی کریں گے۔چوہدری ذکاء اشرف نے ڈائریکٹر میڈیا کے سوال پر بتایا کہ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں کوئی فیصلہ کر لیا جائے گا۔