بنجول(این این آئی) بھارت سے درآمد کیے گئے کھانسی کے سیرپ سے 70 بچوں کی موت کے بعد گیمبیا کے صدر نے آلودہ سیرپ درآمد کنندہ گان سمیت بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ کی ہدایت کردی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق گزشتہ نومبر میں گیمبیا میں 2 برس سے چھوٹے بچوں کی بھارت سے درآمد شدہ کھانسی کے سیرپ سے موت کے بعد ٹاکس فورس تشکیل دی گئی تھی جس نے مکمل جھان بین کے بعد رواں برس مارچ میں اپنی رپورٹ پیش کی۔
ٹاسک فورس کے مطابق گیمبیا کی حکومت کو وزارت انصاف کے ذریعے فوری طور پر اٹلانٹک فارماسیوٹیکلز (درآمد کنندہ)، میڈن فارماسیوٹیکلز(بھارتی مینوفیکچرر)اور بھارتی حکومت کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے تاکہ متاثرین کے خاندانوں کی جانب سے ازالہ کیا جا سکے۔گیمبیا کی حکومت نے ٹاسک فورس کی سفارش کو منظور کرلیا ہے اور بھارت کی ادویات ساز کمپنی اور امریکا میں موجود درآمد کنندہ اٹلانٹک فارماسیوٹیکلز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جس نے گیمبیا کے لیے بھارتی صنعت کار سے دوائیں خریدی تھیں۔