تہران(این این آئی)ایران میں حکام نے ملک کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی کے ایک دفتر کو بند کر دیا ہے اور اس کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔اس کمپنی نے اپنی خواتین ملازمائوں کی لازمی حجاب کے بغیر تصاویر آن لائن شائع کی تھیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی ایمازون کے نام سے مشہور ڈیجی کلا نے ایک کارپوریٹ اجتماع کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ اس نے ضابط لباس سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ان تصاویر میں متعدد ملازم خواتین نے سرپوش نہیں اوڑھا ہوا تھا۔یہ کمپنی ماہانہ چار کروڑ سے زیادہ فعال صارفین کی حامل ہے اور 300،000 سے زیادہ تاجروں کی میزبانی کرتی ہے۔ ایران کے متنازع جوہری پروگرام کے نتیجے میںعائد کردہ مغربی پابندیوں کی وجہ سے ایرانی بڑی حد تک ایمازون جیسے بین الاقوامی آن لائن خوردہ فروشوں سے کٹے ہوئے ہیں۔