لاہور(این این آئی)قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ اگر پاکستان بھارت کو اوول میں ہراسکتا ہے تو کہیں بھی ہراسکتا ہے۔ ایشیاکپ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب سے گفتگو میں وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے اتنے سالوں تک آئسولیشن میں رہنے کے بعد کرکٹ کا واپس آنا ایک اچھا آغاز ہے جس کا کریڈٹ حکومت سمیت پی سی بی سب کو ہی جاتا ہے۔
وقار یونس نے ایشیاکپ 2023 میں پاک بھارت ٹاکرے پر پاکستان ٹیم کو مشورہ میں کہا کہ اگر آپ ہمارے دور کی کرکٹ کو دیکھیں تو ہم کبھی بھی بڑے ٹورنامنٹس میں بھارت سے نہیں جیتے ، اچھی بات یہ ہے کہ ان لڑکوں نے جیتنا شروع کیا ہے جو کہ ایک بہت اچھی بات ہے، جتنا ٹیلنٹ ہماری ٹیم میں ہے اگر وہ اپنی پوٹینشل پر کھیلیں گے تو مجھے ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ وہ بھارت کو نہ ہراسکیں، یہ معنی نہیں رکھتا کہ ہم کہاں کھیل رہے ہیں، بھارت ہو، پاکستان ہو یا سری لنکا ، اگر ہم بھارت کو اوول پر جاکر ہراسکتے ہیں تو ہم کہیں بھی ہراسکتے ہیں،
ٹیلنٹ ہمارے پاس ہے بس ہمیں ٹائیگرز کی طرح کھیلنا ہے۔ایشیاکپ کے حوالے سے بطور کپتان وقار یونس نے مشورہ دیا کہ میچ کے وقت ہر شخص کے پاس مشورہ ہوتا ہے کیوں کہ ہر انسان گیند اور میچ کو مختلف زاویوں سے دیکھتا ہے لیکن میرا مشورہ ہے کہ ایسے وقت میں بولر کو اکیلا چھوڑدیں کیوں کہ جتنے مشورے دیے جائیں گے بولر اتنا ہی کنفیوز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ کی دنیا کے لیے بہترین ٹیلنٹ تیار کیا ہے، فاسٹ بولر کی بات کریں، مرحوم فضل محمود سے لے کر شاہین شاہ، نسیم شاہ یا پھر حسنین کو ہی دیکھ لیں اسی طرح بابر ہمارا بہترین بیٹسمین ہے اور بھی آئیں گے، ہمارا ٹیلنٹ دنیا بھر میں مانا جاتا ہے جو کہ آئندہ وقتوں میں مزید آگے جائے گا۔