ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں حج و عمرہ کی وزارت نے ذاتی وزٹ ویزے کے فوائد سے آگاہ کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت نے بتایا کہ سعودی شہری اپنے دوستوں کو عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب مدعو کر سکتے ہیں۔ وزارت نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر بتایا کہ سعودی شہری اپنے دوستوں کو ذاتی وزٹ ویزا کے ذریعے عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب میں مدعو کر سکتے ہیں۔
وزارت نے وضاحت کی کہ اس ویزا کے 4 فوائد ہیں ۔ یہ ویزا ایک سفر یا کئی دوروں کے لیے جاری کیا جاتا ہے۔ اس ویزا سے عمرہ ادا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ مسجد نبوی اور روضہ اقدس کی زیارت نصیب ہوتی ہے اور سعودی عرب کے تمام علاقوں اور شہروں کے سیاحتی اور تاریخی مقامات کے دوروں کا موقع ملتا ہے۔ویزا کی دو قسمیں ہیں ۔ سنگل انٹری پرسنل ویزا کی میعاد 90 دنوں کے قیام کے ساتھ 90 دن تک بڑھ سکتی ہے۔ ملٹی انٹری پرسنل ویزا کی میعاد 90 دن قیام ہے اور یہ مدت 365 دن تک بڑھ سکتی ہے۔ وزارت نے بتایا کہ وزارت خارجہ میں ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے ذاتی ویزا کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔