واشنگٹن(این این آئی)امریکہ میں میسا چوسٹس کے جزیرہ میں ایک چھوٹے طیارے میں سوار خاتون نے حیران کن طور پر طیارے کے دوسرے مسافروں کی جان بچا لی۔ دوران پرواز پائلٹ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تو خاتون نے طیارہ کا کنٹرول سنبھال لیا اور طیارے کی ھنگامی لینڈنگ کی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ہنگامی لینڈنگ میساچوسٹس کے ویسٹ ٹسبری میں مارتھا کے وائن یارڈ ایئرپورٹ کے قریب ہوئی۔میساچوسٹس سٹیٹ پولیس نے بتایا کہ پائلٹ ایک 79 سالہ شخص تھا۔ پائلٹ کو آخری منزل کے قریب پہنچنے کے دوران ہنگامی حالت کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس نے کہا کہ حادثہ “رن وے کے باہر پرتشدد لینڈنگ کے نتیجے میں ہوا جس کی وجہ سے طیارے کا بایاں بازو درمیان سے ٹوٹ گیا۔
حکام نے طیارے میں سوار دو افراد میں سے کسی کا نام نہیں بتایا اور کہا کہ انہیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ پائلٹ کو ایک سنگین جان لیوا حالت میں بوسٹن کے ایک ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ طیارہ لینڈ کرنے والی خاتون مسافر کو طیاروں کو اڑانے کا تجربہ نہیں تھا۔ طیارے کو لینڈنگ کرانے والی خاتون زیادہ زخمی نہیں ہوئی اور اسے مقامی ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ ریاستی پولیس اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔