لاہور( این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے سے پیٹرولیم کی قیمتو ں میں عوام کو ریلیف ملا ہے ،ہٹلر اور عمران نیاز می میں کیا فرق ہے ،ہٹلر نے جرمنی کو اپنے ہاتھوں سے بنایا ،
صنعت کو بے پناہ ترقی دی اور پھر اپنے ہاتھوں سے تباہ کر دیا لیکن عمران نیازی نے ایک اینٹ نہیں لگائی تھی لیکن ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ،آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارے لئے کوئی حلوہ یا لڈو پیڑے نہیں ، یہ بہت چیلنجنگ پروگرام ہے لیکن اگر ہم ہمت ،استحکامت کے ساتھ اس پروگرام کے اوپر عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنی معیشت کے لئے انقلابی اقدامات اٹھا کر اور جراتمندانہ فیصلوں کے عزم کے ساتھ آگے بڑھے تو ان شا اللہ معاشی ترقی پاکستان کے قدم چومے گی ،
نوز شریف کو اقتدر سے کیوں محروم کیا گیا یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے ،ایسا نہیں ہو سکتا کہ میں وزیر اعظم ہوں تو سب ٹھیک ہے میں وزیر اعظم نہیں ہوں تو سب برباد ہو جائے ، نواز شریف سے ایک سے زیادہ مرتبہ اقتدار چھینا گیا ،ملک بدر کیا گیا ، کئی سال دیار وطن میں رہنے پر مجبور کیا گیا لیکن انہوںنے ملک کی عظمت اوروقار کے خلاف کسی قسم کے سازش تو دور کی بات اس کے بارے میں سوچا تک نہیں ، وہ شخص جس کو دھکے کے ساتھ ،فراڈ کے ساتھ اقتدار میں بٹھایا گیا اور وزیر اعظم بنایا گیا وہ چار سال دن رات چور ،ڈاکو کی گردان کرتا رہا لیکن ایک اینٹ نہیں لگائی ،
عوام نے ہمارے ادوار کے اقدامات بھی دیکھے ہیں اور گزشتہ چار سال کے حقائق بھی سامنے ہیں ، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ انہوں نے کسے ووٹ دینا ہے سر تسلیم خم ہم نے کرنا ہے،اگر آپ نے نواز شریف کو موقع دیا تو مل کر پاکستان کا نقشہ بدل دیں گے اور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے دور میں لے کر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر ہائوس لاہور میں وزیر اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون کی تقریب میں قرضوں کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن، وفاقی وزراء ،اراکین قومی اسمبلی، سابق اراکین پنجاب اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔