اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) آج ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، ملک بھر میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید ادا کرنے کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ عید الاضحی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے۔
اسی طرح تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف بھی معمول کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے گا۔ عیدالاضحی کے سلسلہ میں تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے، بینک، عدالتیں بھی بند رہیں گے۔ملتان میں دربار حضرت بہاؤالدین زکریا کے احاطے میں عیدالاضحی کی نماز 8 بجے صبح ادا کی جائے گی۔سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی دربار حضرت بہا ؤالدین زکریا پر نماز عید ادا کریں گے۔
دربار حضرت موسی پاک شہید پر نمازِ عید 8 بج کر 30 منٹ پر ہو گی۔سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی دربار موسی پاک میں نمازِ عید ادا کریں گے۔وفاقی وزیر خورشید شاہ نماز عید 7:30 بجے اپنی رہائش گاہ پر ادا کریں گے۔ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول عزیز آباد مدنی مسجد میں عید کی نماز ادا کریں گے۔دوسری جانب وفاقی وزیر جہاز رانی فیصل سبزواری فیڈرل بی ایریا بلاک11 شاداب مسجد میں نمازِ عید ادا کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری آبائی علاقے نواب شاہ میں عید منائیں گے۔مولانا فضل الرحمن آبائی گاؤں عبدالخیل میں نمازِ عید ادا کریں گے۔وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں عید منائیں گے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری باغ جناح پولو گرانڈ میں نمازِ عید ادا کریں گے۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ اہل خانہ کے ساتھ امریکا میں عید منائیں گے۔پیر پگارا آبائی علاقے پیر جو گوٹھ خیرپور میں نمازِ عید ادا کریں گے۔