لاہور( این این آئی) سینئر ہدایتکار و رائٹر سید نور نے کہاہے کہ فلم بین سینما سے دور ہو کر موبائل فون تک محدود ہو گئے ہیں ، ہمیں ایسی فلمیں بنانا ہوںگی کہ لوگ موبائل پر فلمیں دیکھنے کی بجائے سینما گھروں کا رخ کریں ۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری بھی مشکلات کا شکار ہے ، جب معیشت مستحکم ہو گی لوگ خوشحال ہوں گے تو دیگر شعبوں کی طرح فلم انڈسٹری کے حالات بھی بہتر ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا شاہ زل بھی میرے ساتھ کام کر رہا ہے اور میری نسبت سے اسے کوئی ریلیف حاصل نہیں ، اسے یہ اجازت نہیں کہ سیٹ پر مجھے پاپا کہہ کر پکارے ، جب کسی پراجیکٹ پر کام کر رہا ہوتا ہوں تو اسے فلم کریو کے ساتھ بس پر بھیجتا ہوں تاکہ اس میں محنت کرنے کا جذبہ پیدا ہو اور اسے پتہ چلے کتنی تکالیف کے بعد کامیابی کی سیڑھیوں پر چڑھنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں فلم انڈسٹری کے حالات سے ہرگز بد دل نہیں فلم انڈسٹری اپنی بحالی کی طرف آئے گی لیکن اس میں کچھ وقت لگے گا۔