ریاض (این این آئی) سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ عازمین حج کی صحت کی صورتحال تسلی بخش ہے ،ان میں کوئی وبائی بیماری یا صحت عامہ کیلئے خطرہ بننے والی کوئی علامت موجود نہیں ہے۔سعودی وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے عازمین حج سے اپیل کی کہ گرمی سے بچائو کے لیے دھوپ میں نکلنے سے بچا جائے۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام زیادہ مقدار میں پانی پی کر جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزارت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عازمینِ حج کے آرام کے لیے مختلف جہتوں پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زمینی، سمندری اور فضائی راستوں سے سعودی عرب پہنچتے ہی عازمین کی صحت کی جانچ شروع ہو جاتی ہے۔ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ 16مقامات پر 190ایمبولینسز موجود ہیں، خاص طور پر منی کے جمرات پل پر ایمرجنسی میڈیکل سینٹر میں ایمبولینسز کی بڑی تعداد کو یقینی بنایا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ دیگر اداروں کی جانب سے پیش کی گئی سہولتوں کو بھی مدِنظر رکھیں تو حجاج کرام کی خدمت کے لیے موجود ایمبولینسز کی تعداد 247تک پہنچ جاتی ہے۔